( ایجنسیز)
مصری نژاد قطری عالم دین علامہ یوسف القرضاوی نے فتویٰ جاری کیا ہے کہ مصر میں فوج نے منتخب حکومت کو شب خون مار کر ختم کیا اور اس لئے صدارتی انتخابات میں ووٹ ڈالنا حرام ہے۔
عرب ویب سائٹ کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک کانفرنس کے اختتام پر علامہ یوسف القرضاوی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عبدالفتاح السیسی نے منتخب حکومت کو شب خون مار کر ختم کیا اور پھر اقتدار پر قابض ہوگئے، ایسے امیدوار کو ووٹ
دینا حرام ہے اس لئے مصری عوام ملک میں ہونے والے صدارتی انتخاب کا بائیکاٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر اس اقدام کے حامی ہیں جو مصر میں منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کا مخالف اور اس سلسلے میں تمام کوششوں کو مجتمع کرنے کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ علامہ یوسف القرضاوی مصری نژاد عالم دین ہیں، تاہم ان کے پاس اس وقت قطری شہریت ہے۔ وہ عرب دنیا میں اخوان المسلمون کے پرجوش حامی سمجھے جاتے ہیں، ان ہی کی وجہ سے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے قطر میں تعینات اپنے سفرا کو واپس بلالیاتھا۔